احکام اسلام کسے کہتے اور وہ کیا ہیں؟
جواب:احکام اسلام اسلام کے احکام جو بندوںکے اعمال و افعال سے متعلق ہیں کو کہتے ہیں اور وہ یہ ہیں: (۱) فرض (۲) واجب (۳) سنت
( ۴) مستحب (۵) حلال (۶) حرام (۷) مکروہ (۸) مباح ۔
(۱) فرض وہ ہے جو دلیل قطعی سے ثابت ہو ۔ اس کا منکر کافر ہے اور بلا عذر ترک کرنے والا فاسق و مستحق عذاب شدید ۔
(۲) واجب وہ ہے جو دلیل ظنی سے ثابت ہو ۔ اس کا منکر کافر نہیں لیکن انکارکرنے والا نیز بلا عذر چھوڑنے والا فاسق اور مستحق عذاب ہے ۔
(۳) سنت وہ مبارک فعل ہے جس کو رسول کریم ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے کیا ہو ۔ اس کا کرنے والا ثواب پائے گا اور بلا عذر چھوڑنے اور ترک کی عادت کرنے والا مستحق عتاب و گنہگار ہے ۔
(۴) مستحب وہ ہے جس کے کرنے پر ثواب ہو لیکن نہ کرنے پر کوئی عذاب نہیں ۔ اس کو نفل بھی کہتے ہیں ۔
(۵) حلال وہ ہےجس کا کرنا دلیل قطعی سے درست و جائز ہو ۔
(۶) حرام وہ ہے جس کا کرنا دلیل قطعی سے ممنوع و ناجائز ہو ۔ اس کو حلال جاننے والا کافر اور مرتکب فاسق و مستحق عذاب شدید ہے ۔
(۷) مکروہ وہ ہے جس کی ممانعت دلیل ظنی سے ثابت ہو ۔
(۸) مباح وہ ہے جس کا کرنا نہ کرنا دونوں برابر ہو یعنی کرنے میں ثواب نہیں اور نہ کرنے میں عذاب نہیں ۔